نئی دہلی : چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے اعلان کیا کہ سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 10 ہزار روپئے امداد دی جائے گی ۔ کجریوال نے آج متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد ریلیف کیمپس میںعوام سے ملاقات کی ۔ انہوں نے بعد ازاں ٹوئیٹ کیا کہ دریائے جمنا کے قریب رہنے والے کئی غریب خاندانوں کو بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ کچھ خاندان ایسے بھی ہیں جو گھر کے سارے سامان سے محروم ہوگئے ہیں۔ ہم معاشی مدد کے طور پر ہر خاندان کو 10 ہزار روپئے معاوضہ فراہم کریں گے ۔ ہم آدھارکارڈز وغیرہ جیسے اہم دستاویزات سے محروم ہوجانے والے افراد کیلئے خصوصی کیمپس بھی لگائیں گے ۔ اس کے علاوہ جن طلبا کی کتابیں اور یونیفارم سیلاب میں بہہ گئے ہیں انہیں یہ دوبارہ فراہم کئے جائیں گے ۔ قبل ازیں دن میں کجریوال نے دہلی کے موری گیٹ علاقہ میں ایک ریلیف کیمپ کا دورہ بھی کیا ۔ انہوں نے ٹوئیٹ میں بتایا کہ حکومت نے اسکولس میں سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں۔ ایک کیمپ کا انہوں نے خود دورہ کیا ہے ۔ وہاں مقیم افراد کیلئے کھانے اور بیت الخلا کے انتظام کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے اقدامات تیزی کے ساتھ کئے جائیں گے ۔ پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے ۔