شانتی کماری کو یادداشت حوالے، گریٹر حیدرآباد میں بلدی حکام کی ناکامی کا تذکرہ
حیدرآباد: 31 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے آج چیف سکریٹری شانتی کماری سے ملاقات کی اور ریاست میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے امدادی پیکیج جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین ایم کودنڈا ریڈی، پرساد کمار، ایس چندرا شیکھر، انیل کمار یادو، ڈاکٹر روہن ریڈی اور کسان کانگریس کے قائدین نے سکریٹریٹ پہنچ کر چیف سکریٹری سے ملاقات کی۔ انہوں نے حالیہ سیلاب کے نتیجہ میں فصلوں کو بھاری نقصانات کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کے نقصانات پر حکومت کی جانب سے مناسب امداد کا اعلان کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجہ میں بھاری جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں اور حکومت کی جانب سے کوئی پیکیج جاری نہیں کیا گیا۔ ریاستی وزراء کو مناسب فنڈس کے ساتھ امدادی کاموں میں مشغول کیا جانا چاہئے۔ چیف سکریٹری نے کانگریس قائدین کو یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ کسانوں اور دیگر افراد کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈاریڈی نے کہا کہ کئی ہزار کروڑ کی جائیدادوں کو بارش سے نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف اضلاع بلکہ گریٹر حیدرآباد میں بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بجائے فارم ہائوز تک محدود رہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو متاثرین سے زیادہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کو امداد کے علاوہ انہیں دوبارہ فصلوں کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل رہنمائی کی جانی چاہئے۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حیدرآباد میں بارش کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکام ہوچکا ہے۔