رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں کا جذبہ انسانی ہمدردی
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے حالیہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کاموں کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک لاکھ روپئے کے گرانقدر عطیہ کا اعلان کیا۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ سیلاب اور بارش کے نتیجہ میں پریشان حال خاندانوں سے اظہار یگانگت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے افراد خاندان سے اظہار ہمدردی اور نقصانات کا شکار خاندانوں سے یگانگت کا اظہار کیا۔ جناب عامر علی خاں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے سیلاب کے متاثرین کے امدادی کاموں کی انتھک مساعی کی ستائش کی اور کہا کہ چیف منسٹر نے قومی آفات سماوی قرار دینے کا جو مطالبہ کیا ہے وہ درست ہے۔ جناب عامر علی خاں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی امداد کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی مساعی میں شامل ہوجائیں۔ جناب عامر علی خاں متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور مقامی افراد سے مسلسل ربط میں ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں اور عام شہریوں کے جذبہ انسانی اور بہادری کی ستائش کی جس کے ذریعہ نہ صرف متاثرین کو بچایا گیا بلکہ ضرورت مندوں کی مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کریں۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے رول ادا کرنا چاہیئے۔1