امداد نہ لینے پر آئندہ دشواریوں کا اندیشہ، حکومت کے فارم کی خانہ پُری ضروری
حیدرآباد۔ شہر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومت کی جانب سے فوری امداد کے طور پر 10 ہزار روپئے کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ یہ امداد اگرچہ متاثرین کیلئے انتہائی کم ہے لیکن حکومت کی دیگر امداد کے حصول کیلئے یہ رقم حاصل کرنا ضروری ہے۔ شہر کے متاثرہ علاقوں میں دیکھا گیا ہے کہ ایسے خاندان جو متوسط طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں وہ حکومت کی یہ امداد حاصل کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 10 ہزار کی معمولی امداد سے ان کے نقصانات کی پابجائی نہیں ہوسکتی لہذا وہ ضروری فارم کی خانہ پُری کرتے ہوئے سرکاری عہدیداروں سے 10ہزار روپئے حاصل کرنے میں تامل کررہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ 10 ہزار روپئے کی عدم وصولی کے سبب وہ حکومت کی دیگر امداد سے بھی محروم رہ سکتے ہیں۔ حکومت نے مکانات کے مکمل نقصان پر ایک لاکھ روپئے اور جزوی نقصانات پر 50 ہزار روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ فوری طور پر دس ہزار روپئے فراہم کرتے ہوئے عہدیدار ایک فارم پر تفصیلات حاصل کررہے ہیں جو متاثرین کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے میں حکومت کی مدد کرے گا۔ لہذا تمام متاثرین کو چاہیئے کہ وہ دس ہزار روپئے کی رقم حاصل کرتے ہوئے حکومت کی فہرست میں اپنا نام متاثرین کے طور پر شامل کریں۔ یوں کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ دس ہزار روپئے کی امداد کا فارم دراصل متاثرین کی حیثیت سے شمولیت کا انٹری فارم ہے۔ اگر کسی نے یہ رقم حاصل نہیں کی تو اسے آئندہ کی امداد حاصل کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے کیونکہ ان کا نام متاثرین کی فہرست میں اس وقت شامل نہیں ہوا تھا جس وقت درج کرایا جانا تھا۔
پرانے اور نئے شہر کے متاثرہ علاقوں میں کئی خاندان ایسے ہیں جو ابھی تک دس ہزار روپئے کی امداد سے محروم ہیں۔ یا تو انہوں نے یہ رقم حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی یا پھر مقامی قائدین نے عہدیداروں کو متاثرہ افراد کے گھروں تک نہیں پہنچایا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام متاثرین میں دس ہزار کی رقم حاصل کرنے کیلئے شعور بیدار کیا جائے تاکہ ہر متاثرہ خاندان کا نام فہرست میں شامل ہوسکے۔ رضاکارانہ تنظیموں کو اس سلسلہ میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنی چاہیئے۔ بلدیہ اور ریوینو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے متاثرین سے ایک فارم پُر کرایا جارہا ہے جس میں نقصانات کی تفصیلات شامل کی جارہی ہیں تاکہ نقصانات سے متعلق امداد کی منظوری دی جاسکے۔ جن متاثرین نے ابھی تک دس ہزار کی رقم حاصل نہیں کی انہیں فوری عہدیداروں سے رجوع ہوکر ضروری فارم کی خانہ پُری کرتے ہوئے رقم حاصل کرلینی چاہیئے۔