سیلاب کے متاثرین کو فوری طور پر ایک لاکھ روپئے ادا کئے جائیں

   

رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا مطالبہ، چیف منسٹر کا امدادی پیاکیج ناکافی
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سیلاب اور بارش سے متاثرہ خاندانوںکیلئے حکومت کی امداد کو ناکافی قرار دیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر 10,000 روپئے کے بجائے ایک لاکھ روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاندان کے لئے دس ہزار روپئے ناکافی ہے کیونکہ ہزاروں مکانات تباہ ہوگئے اور گھریلو سامان پانی میں بہہ گیا ۔ انہوں نے مکانات کے مکمل تباہ ہونے پر 9 لاکھ روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت متاثرین کی امداد میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت نے جس پیاکیج کا اعلان کیا ہے، اس کے تحت کسی بھی خاندان کی بھلائی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مکمل تباہی کی صورت میں نو لاکھ روپئے ادا کریں یا پھر تعمیر کا ذمہ قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ دس ہزار روپئے کی تقسیم متاثرین کے ساتھ ایک مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے قیمتی اشیاء تباہ ہوچکی ہے۔ ہر متاثرہ خاندان کو نئے سرے سے گھر بسانا ہوگا۔ مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت کی جانب سے فراخدلانہ امداد کے بجائے محض 10,000 روپئے کی تقسیم افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے نئے پیاکیج کا اعلان کرنا چاہئے ۔