سیلاب کے متاثرین کو معاوضہ کے طریقہ کار میں تبدیلی

   


کانگریس کا اعتراض، آن لائین درخواستوں کی بحالی کا مطالبہ
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے سیلاب کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں درخواستوں کی وصولی بند کرنے پر سخت تنقید کی۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ای سیوا سنٹرس پر درخواستوں کے ادخال کو روکنے سے متعلق فیصلہ پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما نے انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ متاثرین امداد کے لئے ای سیوا سنٹرس پر درخواستیں داخل کریں۔ چیف منسٹرس نے لال بہادر اسٹیڈیم میں 28 نومبر کو ریالی سے خطاب کرتے ہوئے 7 ڈسمبر سے معاوضہ کی ادائیگی کا اعلان کیا ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر نے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے آن لائین درخواستوں کے ادخال پر روک لگادی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بلدی عہدیدار راست طور پر متاثرین سے رجوع ہوں گے اور امداد کی رقم بینک اکاونٹ میں جمع کرائی جائے گی ۔ نرنجن نے پالیسی میں تبدیلی پر اعتراض کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کے اشاروں پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ متاثرین میں امدادی رقم کی تقسیم برسر اقتدار پارٹی قائدین کے ذریعہ کرائی جاسکے ۔ کانگریس نے آن لائین درخواستوں کے طریقہ کار کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔