سیلاب کے متاثرین کی امداد کی تفصیلات داخل کی جائیں

   

کمشنر بلدیہ کو ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔ ہائی کورٹ کے ڈیویژن بنچ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 10 ہزار روپئے امداد کی تقسیم سے متعلق رپورٹ داخل کریں۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس ابھیشیک ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے یہ ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ نے کانگریس ترجمان ڈاکٹر شراون کے روانہ مکتوب کو درخواست کے طور پر قبول کرکے یہ فیصلہ دیا۔ شراون نے شکایت کی ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کی امداد میں ناکام ہوچکی ہے۔ شدید بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں ستمبر اور اکٹوبر کے مہینہ میں بھاری مالی نقصان ہوا تھا۔ درخواست گذار نے شکایت کی کہ بلدی انتخابات کے پیش نظر حکومت نے نتائج کے بعد تقسیم کا وعدہ کیا تھا لیکن بعد میں خاموشی اختیار کرلی۔ واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد میں ابھی بھی ہزاروں خاندان 10 ہزار کی سرکاری امداد سے محروم ہیں۔ بلدی حکام نے بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ابتداء میں متاثرین کو امدادی رقم نقد ادا کی گئی۔