مفاد عامہ کی درخواست کی ہائی کورٹ میں سماعت ، بے قاعدگیوں کی شکایت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے حیدرآباد میں حالیہ سیلاب کے متاثرین میں امداد کی تقسیم کے مسئلہ پر ریاستی حکومت ، جی ایچ ایم سی اور متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس کو نوٹس جاری کی ہے۔ سیلاب کے متاثرین کو امداد کی تقسیم میں مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایت کرتے ہوئے روانہ کردہ مکتوب کو بطور درخواست قبول کرتے ہوئے جسٹس اے راج شیکھر ریڈی اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سماعت کی ۔ حکومت جی ایچ ایم سی اور ضلع کلکٹرس کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ چیف جسٹس کو اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے مکتوب روانہ کیا تھا جسے مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کیا گیا ۔ درخواست گزار نے امداد کی تقسیم کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے مقررہ طریقہ کار کے بارے میں چیف سکریٹری سے جواب طلب کرنے کی اپیل کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو بطور فریق شامل کرنے سے انکار کیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ پرنسپل سکریٹری ریونیو ، فینانس، بلدی نظم و نسق ، جی ایچ ایم سی کمشنر اور حیدرآباد و رنگا ریڈی کے کلکٹرس کو نوٹس جاری کی گئی ہے ۔
