سیلاب کے نقصانات پر شیو راج سنگھ چوہان نے امیت شاہ کو رپورٹ پیش کردی

   

فصلوں اور املاک کے بھاری نقصان کا حوالہ، مرکزی ٹیم کے دورہ کے بعد تلگو ریاستوں کیلئے امداد کا اعلان
حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں حالیہ بارش اور سیلاب کے نقصانات پر مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو رپورٹ پیش کردی ہے۔ شیوراج سنگھ چوہان نے حال ہی میں دونوں تلگو ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں نقصانات سے متعلق تفصیلات حاصل کی تھیں۔ شیوراج سنگھ چوہان نے آج مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو اپنی رپورٹ حوالے کی۔ بتایا جاتا ہے کہ رپورٹ میں شیوراج سنگھ چوہان نے کئی علاقوں میں املاک اور فصلوں کو بھاری نقصان کی نشاندہی کی ہے۔ شیو راج سنگھ چوہان نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امیت شاہ سے ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ریاستوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی عہدیداروں کی ٹیم جلد ہی دورہ کرے گی اور ان کی رپورٹ کے بعد دونوں ریاستوں کیلئے مرکز کی جانب سے امدادی پیاکیج کا اعلان کیا جائے گا۔ اسی دوران تلنگانہ حکومت نے 6000 کروڑ سے زائد کے نقصانات کا تخمینہ کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ شیو راج سنگھ چوہان کو حوالے کی ہے۔ سیلاب کو آفات سماوی شمار کرتے ہوئے فراخدلانہ امداد کی اپیل کی گئی۔ متاثرہ اضلاع سے تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کے بعد مرکز کو پیش کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی نئی دہلی میں مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے نقصانات پر مبنی رپورٹ پیش کریں گے۔ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں تلنگانہ کے متحدہ کھمم ضلع کو بھاری نقصان ہوا جس کے تحت نئے اضلاع سوریا پیٹ اور محبوب آباد میں بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں متحدہ کرشنا ضلع بارش سے بری طرح متاثر ہوا۔1