سیلفی لینے کے دوران بجلی گرنے سے چھ افراد ہلاک ‘ کئی دوسرے زخمی

   

جئے پور : راجستھان میں دارالحکومت جئے پور کے قریب آمیر پیلس میں ایک واچ ٹاور میں سیلفی لینے کے دوران بجلی گرنے کے نتیجہ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب راجستھان کے دارالحکومت میں بارش کے دوران کچھ لوگ واچ ٹاور پر سیلفی لینے کی کوشش کر رہے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق درجنوں افراد واچ ٹاور پر موجود تھے جب اچانک بجلی گرپڑی ۔ کئی افراد قریبی پہاڑی جنگلات میں خوف کے عالم میں کود پڑے ۔ پولیس اور سیول ڈیفنس کے عملہ نے بعد میں 29 افراد کو بچالیا ۔ مزید افراد کی تلاش اور بچاو کی کوششیں جاری ہیں۔ چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس 4 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ واقعہ کی مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے تاہم شبہ ہے کہ درجنوں افراد اس واقعہ میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار کو راجستھان کے کئی شہروں اور مقامات پر شدید بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی علاقہ میں پیر کی صبح بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔