سیلفی کاہلاکت خیز انجام ، پوچماں ڈیم میں 5نوجوان غرقاب

   

مہلوکین کا مشیرآباد سے تعلق،تفریح کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، چیف منسٹر کا اظہار دُکھ
سدی پیٹ۔/11 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ ضلع کے مرکوک منڈل کے پوچماں ڈیم میں ایک المناک حادثہ پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں واقع مشیر آباد علاقہ کے 7 نوجوان ویک اینڈ کے موقع پر تفری کیلئے کنڈہ پوچماں ساگر ڈیم کی سیر کو نکلے تھے ۔ تفریح کے دوران سیلفی لیتے ہوئے دونوجوان ڈیم کے پانی میں گر گئے انہیں بچانے کی کوشش میں باقی پانچ بھی پانی میں کود پڑے ،مقامی افراد نے اس حادثہ کو دیکھتے ہی فوری طور پر ان کو بچانے کی کوشش کی اور امدادی کارروائیاں شروع کی لیکن پانچ نوجوانوں کو پانی سے نکالا نہ جاسکا اور وہ پانی میں غرق ہوگئے۔ باقی دو نوجوانوں کو بحفاظت پانی سے نکالا گیا جن کی شناخت محمد ابراہیم اور مروتگ کی حیثیت سے ہوئی۔ غرق ہونے والوں کی شناخت دھنیش، لوہیت، دتیشور، ساحل اور حسین کے طور پر ہوئی۔ کمشنر پولیس ڈاکٹر انورادھا اپنے عملے کے ساتھ مقام واردات پر پہنچیں۔ چیف منسٹر نے اس واقعہ پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا اور پولیس کو ہدایت دی کہ ان نعشوں کی فوری تلاش کی جائے۔ ہریش راؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غرقاب ہونے والوں کی تلاش کرتے ہوئے فی متوفی 15 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دیا جائے۔بتایا جاتا ہے کہ تیراکوں کی مدد سے تمام نعشیں تلاش کرتے ہوئے نکال لی گئی ہیں۔غرقاب ہونے والے نوجوانوں کے والدین کو ان کی موت کی اطلاع دی گئی۔ واقعہ میں جان سے ہاتھ دھونے والے بچوں کے والدین اس موقع پر مجسم غم بنے ہوئے دیکھے گئے۔ والدین کا دکھ ناقابل بیان ہے کہ ان کے بچے جو تفریح کے لئے نکلے گئے تاہم اپنے والدین کو زندگی بھر کیلئے دکھ کا پہاڑ چھوڑ دیا۔ نوجوانوں کی موت کی خبر سن کر مشیرآباد میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔