سیمانچل کے اضلاع کو یونین ٹیریٹری نہیں بنایا جائے گا: شاہ

   

نئی دہلی : کیا بہار کے سیمانچل علاقے اور مغربی بنگال کے کچھ سرحدی اضلاع کو ملا کر ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ یونین ٹیریٹری بنانے کا منصوبہ ہے؟ اب جب کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بہار پہنچے تو اپنے دورے کے دوسرے دن ہفتہ کو کشن گنج میں ایک غیر رسمی بات چیت میں صحافیوں نے ان سے سوال پوچھا کہ کیا مرکزی حکومت اس طرح کے منصوبے کو لے کر سنجیدہ ہے؟ اس پر امت شاہ نے فوراً جواب دیا اور صورتحال واضح کی۔ امیت شاہ نے کہا کہ سیمانچل کے اضلاع کو یونین ٹیریٹری نہیں بنایا جائے گا۔ یہ بہار کا حصہ ہے اور بہار میں ہی رہے گا۔ ہر ایک کی حفاظت کی جائے گی اور علاقہ میں رہنے والے لوگوں کو کسی بھی طرح سے غیر محفوظ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سب سے پہلے پٹنہ کے ایک اخبار نے یہ اطلاع دی تھی کہ مغربی بنگال اور بہار کے کچھ اضلاع کے 20 اسمبلی حلقوں کو ملا کر ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا جائے گا۔

اس کے بعد سے عام و خاص میںاس پر بحث ہونے لگی۔تاہم بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین نے اس کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا۔ لیکن بہار کے باشندوں میں یہ بحث بلا روک ٹوک جاری رہی۔ تاہم امت شاہ کی وضاحت سے مطلع صاف ہوگیا۔