سیما حیدر۔ سچن مینا پر فلم کا معاملہ بامبے ہائی کورٹ پہنچ گیا

   

ممبئی : پاکستان سے ہندوستان آئی سیما حیدر اور نوئیڈا کے سچن مینا پر فلم بنانے کا معاملہ اب بامبے ہائی کورٹ پہنچ گیا ہے۔ فلم پروڈیوسر امیت جانی نے بامبے ہائی کورٹ میں فوجداری عرضی داخل کی ہے۔ امیت جانی کی جانب سے ان کے وکیل ونائک پاٹل نے عرضی داخل کی ہے۔ جانی فائرفاکس فلم پروڈکشن کے بینر تلے بھارت سنگھ کے ڈائریکشن میں فلم بنانے کی بات کی جارہی ہے۔عرضی میں فلم پروڈیوسر امیت جانی نے کہا ہے کہ وہ اترپردیش کے ہیں ، اس وجہ سے ان کی فلم کو لے کر ایم این ایس حملے کی دھمکی دے رہا ہے جبکہ ایم این ایس اور ہمارا نظریہ ایک جیسا ہے۔ امیت جانی نے کہا کہ ایم این ایس کو لگتا ہے کہ ہم ہندوستان یا ہندو مخالف فلم بنا رہے ہیں جبکہ ہماری فلم حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہے۔امیت جانی نے عرضی میں بامبے ہائی کورٹ کو بتایا کہ 27 اگست کو ان کو ممبئی آنا تھا جبکہ ممبئی آنے پر ایم این ایس کی جانب سے حملہ کی دھمکی دی جارہی ہے۔ اس کیلئے انہوں نے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے۔ امیت جانی نے مطالبہ کیا ہے کہ ایم این ایس جیسی تنظیموں کو امن برقرار رکھنے کیلئے مہاراشٹرا حکومت اور پولیس کو ضروری اقدامات کرنے پڑیں گے جو صرف ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ہی ممکن ہے۔بتادیں کہ ایم این ایس پر سبھی الزام لگانے کے باوجود امیت جانی نے ممبئی پولیس اور مہاراشٹرا حکومت کو ہی اپنی عرضی میں فریق بنایا ہے جبکہ ایم این ایس یا راج ٹھاکرے کو ہائی کورٹ میں فریق نہیں بنایا گیا ہے۔ خیال ہے کہ ایم این ایس نے امیت جانی کو ممبئی آنے پر دھڑک ( ایم این ایس کے انداز میں مار پیٹ) کی دھمکی دی تھی، جس پر امیت جانی نے 27 اگست کا ہوائی جہاز کا ٹکٹ بک کرکے ممبئی آنے کا اعلان کیا تھا۔