لندن ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپین آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم رواں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بن چکی ہے لیکن چمپین ٹیم کے چمپین بولر میچل اسٹارک نے کہا کہ ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے باوجود تن آسانی کا کوئی موقع نہیں کیونکہ ٹورنمنٹ میں بہت سی کرکٹ ہنوز باقی ہے۔ آسٹریلیا نے گزشتہ مقابلے میں میزبان انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بنی ہے لیکن سیمی فائنل سے قبل اسے پڑوسی ملک کی ٹیم نیوزی لینڈ اور جنوبی آفریقہ کے خلاف دو مقابلے کھیلنے ہیں۔ اسٹارک نے کہا کہ سیمی فائنل سے قبل دو مقابلے ہنوز باقی ہیں جس میں لارڈس پر نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا مقابلہ بھی شامل ہے جوکہ ایک سخت مقابلہ ہوگا، کیونکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرے کررہی ہے۔ اسٹارک جنہوں نے گزشتہ مقابلے میں 43 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے نمبر ایک بولر کے اپنے موقف میں مزید مستحکم کیا ہے جبکہ ان کے ساتھی بائیں ہاتھ کے بولر جیسن بہرنڈروف نے 44 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ساتھی بولرس کے مظاہروں پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسٹارک نے کہا کہ جیسن نے ناقابل فراموش بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسٹارک نے حریف آل راؤنڈر بین اسٹوکس جوکہ 89 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے اور انگلینڈ کی کامیابی کیلئے امید کی کرن بھی تھے لیکن انہیں اسٹارک نے ایک شاندار یاکر کے ذریعہ بولر کیا جس پر انہوں نے اس پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔