چیمپئنز ٹرافی کے اس مقابلے کے دوران بارش کا امکان،شائقین تجسس کا شکار
دبئی: کپتان روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم اتوا کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی تو اس کا ارادہ اپنی پچھلی شکست کا بدلہ لینے اور سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے کا ہوگا۔ بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے بعد ہندوستانی ٹیم میں جوش و خروش ہے جب کہ پاکستان کو اپنے ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور کل کا میچ پاکستان کیلئے کرو یا مرو کی صورتحال کا ہو گا کیونکہ اگر وہ ہندوستان سے ہار جاتا ہے تو اس کے لیے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ہندوستان کو 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اور کل کا میچ ہندوستان کے لیے حساب برابر کرنے کا بھی موقع ہو گا۔کپتان روہت شرما نے گزشتہ میچ میں تیز شروعات کے ساتھ فارم میں واپسی کے اشارے دکھائے ہیں، جو ہندوستانیوں کے لیے راحت کی بات ہے ، لیکن اسٹار بیٹسمین ویراٹ کوہلی کو اپنے روایتی حریفوں کے خلاف اپنی پوری صلاحیت دکھانی ہوگی۔ کروڑوں ہندوستانی شائقین کی نگاہیں ویراٹ کی بلے بازی پر لگی ہوں گی۔ شبھمن گل نے بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بنا کر اپنی قابل اعتمادی ثابت کر دی ہے اور کل کے میچ میں ان کا کردار بہت اہم ہونے جا رہا ہے ۔محمد سمیع کی تیز گیند بازی پاکستانیوں کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے ۔ سمیع نے گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کی پانچ وکٹیں لے کر اپنی ہیبت ثابت کر دی ہے ۔ ہرشیت رانا ان کے مضبوط اتحادی ہوں گے جبکہ ہاردک پانڈیا درمیانی اوورز میں پاکستان کی بیٹنگ کا امتحان لیں گے ۔ ہندوستان اسپن کی سازگار پچ پر اپنے اسپن اٹیک میں کوئی تبدیلی نہیں کرنا چاہے گا۔دوسری جانب زخمی فخر زمان کا چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونا پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا سکتا ہے ، جبکہ بابر اعظم کی کارکردگی بھی پڑوسی ملک کی ٹیم کیلئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے ۔ بابر نے نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ میچ میں 64 رنز بنائے تھے ۔ فخر زمان کی جگہ امام الحق کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ مڈل آرڈر بولرس خوشدل شاہ پاکستان کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ان سب کے باوجود ہندوستان پاکستان کو ہلکے میں لینے کی غلطی نہیں کرے گا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی نے شائقین کرکٹ میں تجسس اورتذبذب پیدا کردی ہے۔ دراصل ، دبئی میں آج کل روزانہ رات میں خنک ہوا چل پڑتی ہے، یہاں منگل 18 فروری کو بارش ہوئی تھی جس نے جمعرات کو ہندوستان اور بنگلہ دیش کے میچ پر بھی خدشات بڑھا دیے تھے۔متحدہ عرب امارات کے بلند ترین پہاڑ جبل جیس، راس الخیمہ میں بارش اور اولے پڑے لیکن بنگلہ دیش اور ہندوستان کے میچ پر بارش کا اثر نہیں ہوا۔البتہ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دبئی میں ہونے والے میچ کے دوران بارش کے خطرات برقرار ہیں۔متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات اور پیر کی صبح جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ماہرینِ موسمیات کا خیال ہے کہ اگر دبئی میں بارش ہوئی تو بہت کم وقت کیلئے ہوگی جس سے میچ متاثر ہونے کا امکان کم ہے۔دبئی میں دن کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ئکے قوانین کے مطابق گروپ اسٹیج میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا ہے۔