سیمی کا ذو معنی ٹوئٹ،کئی سوالات اٹھنے لگے

   

کراچی ۔3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو آرام دیا گیا لیکن پشاور زلمی کے کپتان کے سوشل میڈیا ذو معنی پیغام نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔راولپنڈی میں جب کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے کپتان ٹاس کرنے میدان میں آئے تو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ڈیرن سیمی میچ میں کپتانی نہیں کررہے۔ سیمی کی جگہ وہاب ریاض کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے، ٹاس کے بعد جب وہاب ریاض سے سیمی کے بارے میں پوچھا گیا تو اْنہوں نے کہا کہ سیمی کو آرام دیاگیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کے اس فیصلے کے بعد ڈیرن سیمی کے ٹوئٹ نے نا صرف کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچادی بلکہ ایک معمہ بھی پیدا ہوا۔ سیمی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں نے یہ سیکھا ہے کہ آپ اْس وقت تک اہم ہوتے ہیں جب تک آپ اپنا کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔ میچ کے دوران پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے بھی ڈیرن سیمی کے بارے میں کہا کہ وہ میچ میں آرام کی غرض سے شامل نہیں ہوئے، اْن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سیمی کی وجہ سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی ہے۔ٹی بی پروگرام میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور سکندر بخت نے بھی اس بارے میں گفتگو کی لیکن ابھی تک اس راز سے پردہ نہیں اْٹھ سکا کہ معاملہ کیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سوپر لیگ 5 کے آغاز کے موقع پر سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا اعلان ہوا ہے۔