سینئر آئی اے ایس عہدیدار چترارامچندرن وظیفہ پر سبکدوش

   

وداعی تقریب کا انعقاد، سید عمر جلیل اور نوین متل کی شرکت
حیدرآباد۔ شریمتی چترا رامچندرن آئی اے ایس اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم آج وظیفہ پر سبکدوش ہوگئیں۔ حکومت نے سندیپ کمار سلطانیہ ( آئی اے ایس ) سکریٹری پنچایت راج کو پرنسپل سکریٹری تعلیم کی اضافی ذمہ داری دی ہے۔ اسی دوران کالجیٹ ایجوکیشن اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے چترا رامچندرن کی وداعی تقریب منعقد کی گئی۔ نوین متل ( آئی اے ایس ) ، سید عمر جلیل( آئی اے ایس ) سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے علاوہ سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ سید عمر جلیل نے مجلس بلدیہ اور پھر محکمہ تعلیم میں طویل عرصہ تک چترا رامچندرن کے ساتھ خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ انٹر میڈیٹ امتحانات گذشتہ سال کامیابی سے منعقد کئے گئے۔ اس کے علاوہ آن لائن کلاسیس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ چترا رامچندرن کی قیادت میں محکمہ تعلیم نے حکومت کے نشانوں کی تکمیل میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔ محکمہ کی کارکردگی میں شفافیت اور بہتری کے لئے چترارامچندرن کی مساعی کا اہم رول ہے۔ چترا رامچندرن نے زندگی میں کامیابی کیلئے والد کی رہنمائی کا ذکر کیا اور کہا کہ والدکی سرپرستی اور رہنمائی میں وہ ہر عہدہ پر نمایاں خدمات انجام دی پائیں۔ چترا رامچندرن نے جذبات سے مغلوب ہوکر سبکدوشی کے موقع پرتمام ماتحت عہدیداروں کے تعاون پر اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر یادگاری تحائف پیش کئے گئے۔