سینئر آئی اے ایس ڈاکٹر محمد عارض احمد کو آسام میں چیف سکریٹری کے عہدہ پر ترقی

   

آندھراپردیش سے تعلق اور وقف بورڈ میں نمایاں خدمات
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) سیول سرویس خدمات میں یوں تو مسلم عہدیداروں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بہت کم ایسے عہدیدار ہیں جو ریاست کے چیف سکریٹری کے عہدہ تک ترقی پانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ آندھراپردیش کے پرکاشم ضلع کے اونگول کے متوطن سینئر آئی اے ایس عہدیدار ڈاکٹر محمد عارض احمد کو آسام میں پرنسپل سکریٹری کے عہدہ پر ترقی دی گئی ۔ 1995 ء بیاچ کے ڈاکٹر محمد عارض احمد آسام ۔ میگھالیہ کیڈر سے تعلق رکھتے ہیں اور اُنھوں نے 2008 ء سے 2 سال تک اسپیشل آفیسر آندھرا پردیش وقف بورڈ کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیں۔ بعد میں وہ اپنے ہوم اسٹیٹ سے وابستہ ہوگئے۔ حکومت آسام نے اُنھیں اپیکس اسکیل پرنسپل سکریٹری کے عہدہ پر ترقی دی ہے۔ اُنھوں نے پرنسپل سکریٹری کے طور پر کئی اہم فیصلوں میں آسام حکومت کو تجاویز پیش کی تھیں۔ ڈاکٹر عارض احمد پرکاشم کے پودیلی موضع سے تعلق رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے باپٹلہ اگریکلچرل کالج سے بی ایس سی اور ایم ایس ای کی تکمیل کی۔ انڈین اگریکلچرل انسٹی ٹیوٹ دہلی سے جنیٹکس میں پی ایچ ڈی نجنک کی ۔ اُنھوں نے 1994 ء میں سیول سرویس امتحانات میں ملک بھر میں 29 واں رینک حاصل کیا تھا۔ آسام حکومت نے ڈاکٹر محمد عارض احمد کو چیف سکریٹری کے عہدہ پر ترقی دے کر صدرنشین آسام اڈمنسٹریٹیو اینڈ پنشن ٹریبونل مقرر کیا ہے۔ 30 سالہ طویل خدمات میں اُنھوں نے 40 سے زائد عہدوں پر کام کیا اور کئی ایوارڈس حاصل کئے۔ ڈاکٹر محمد عارض احمد کو چیف سکریٹری کے عہدہ پر ترقی ملنے پر آندھراپردیش کے کئی اعلیٰ عہدیداروں نے مبارکباد پیش کی۔ 1