حیدرآباد /20 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلگودیشم پارٹی کے سینئر قائد آر چندر شیکھر ریڈی آج بی آر ایس پارٹی میں شامل ہوگئے ۔ تلنگانہ بھون میں بی آر ایس کے ورکنگ صدر و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے آر چندر شیکھر ریڈی کو بی آر ایس کا گلابی کھنڈوا پہناتے ہوئے پارٹی میں ان کا خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر وزیر نرنجن ریڈی رکن پارلیمنٹ راملو بی آر ایس رکن اسمبلی اے وینکٹیشور ریڈی سابق رکن پارلیمنٹ ایم جگناتھم کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ واضح رہے کہ راولا چندر شیکھر ریڈی تلگودیشم ٹکٹ پر 1994 اور 2009 میں اسمبلی حلقہ ونپرتی سے کامیاب ہوئے تھے ۔ 1994 میں حکومت کے وھپ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں اور راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوچکے ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تلنگانہ تلگودیشم برقرار رہے جس پر تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے انہیں تلگودیشم پیولٹ بیورو میں شامل کیا تھا ۔ اسمبلی حلقہ ونپرتی میں ان کا اچھا اثر و رسوخ ہے ۔ اس کے علاوہ کانگریس سے مستعفی ہوئے جی بالا کرشنا ریڈی اور ایم راجندر بھی کے ٹی آر سے علیحدہ ملاقات کرکے بی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اضلاع محبوب نگر اور نلگنڈہ میں حکمران جماعت بی آر ایس مزید مستحکم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے چیف منسٹر کے سی آر کو جتنی ہمدردی اور محبت ہے اتنی محبت راہول گاندھی اور نریندر مودی کو نہیں ہے ۔ جب بھی انتخابات آتے ہیں کانگریس اور بی جے پی کے قائدین تلنگانہ کو پہونچکر صرف چند ووٹ حاصل کرنے حکومت اور چیف منسٹر کے ساتھ ان کے ارکان خاندان پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ۔ وہ نہیں سمجھتے کہ سیاسی قائدین کے بکواس کا تلنگانہ کے عوام پر کوئی اثر پڑے گا ۔ بی آر ایس پارٹی کسی کی بی ٹیم نہیں ہے بلکہ تلنگانہ عوام کی اے ٹیم ہے ۔ بی آر ایس کی کامیابی میں کوئی بھی طاقت حائل نہیں ہوسکتی ۔ تلنگانہ کے عوام بی آر ایس کو تیسری مرتبہ کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ ن