سینئر صحافی سید جلیل ازہر کو کارنامہ حیات ایوارڈ

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ کے زیر اہتمام 11 نومبر کو رویندرا بھارتی میں مخدوم ایوارڈ اور کارنامہ ’ حیات ایوارڈز ‘ ابوالکلام آزاد برائے 2024 اور 2025 کے ایوارڈز عطاء کئے گئے جس میں کارنامہ حیات ایوارڈ ’ محبوب حسین جگر ایوارڈ ‘ زمرہ میں سینئیر صحافی و اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست سید جلیل ازہر نرمل کو محمد اظہر الدین وزیر اقلیتی بہبود و پبلک انٹرپرائز کے ہاتھوں عطا کیا گیا ۔ جس میں ایک مومنٹو ، توصیف نامہ کے علاوہ پچاس ہزار روپئے کا چیک شامل ہے ۔ طاہر بن حمدان صدر نشین اردو اکیڈیمی نے مومنٹو پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی ۔ اس موقع پر ضلع نرمل کے صدر ضلع کانگریس مسٹر کے سری ہری راؤ نے تقریب میں پہونچکر سید جلیل ازہر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شال پوشی کی ۔ طاہر بن حمدان نے نرمل سے اس تقریب میں شرکت کے لیے آئے سینئیر کانگریس قائدین محمد انیس احمد خاں ، محمد ذیشان علی ، کے سری ہری راؤ صدر ضلع کانگریس نرمل کا تعارف اظہر الدین ریاستی وزیر کے علاوہ طارق انصاری صدر نشین اقلیتی کمیشن ریاست تلنگانہ سے کروایا ۔ جلیل ازہر نے ایوارڈ حاصل کرتے ہی دفتر سیاست پہونچکر جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے مومنٹو ان کے ہاتھوں سے حاصل کیا اور کہا کہ اخبار ’ سیاست ‘ بالخصوص محسن ملت جناب زاہد علی خاں صاحب اور عامر علی خاں صاحب کی مسلسل حوصلہ افزائی اور میری تحریروں کو اخبار کے ذریعہ قارئین تک پہونچانے کے سبب ہی آج میں اس مقام تک رسائی کرسکا ۔ ’محبوب حسین جگر ایوارڈ ‘ میرے لیے ایک اعزاز سے کم نہیں ، میں اپنے تمام چاہنے والوں اور تلنگانہ کی اردو اکیڈیمی سے اظہار تشکر کرتا ہوں کہ مجھے اس ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ یہ میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے کہ 1983 سے آج تک سیاست کے مدیر اعلیٰ جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی نے مجھے ایک حوصلہ بخشا اور جناب عامر علی خاں نے مجھے سیاست کا اسیر کر کے چھوڑا مجھے اس اعتراف میں کوئی قباحت نہیں ہے کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں وہ ’ سیاست ‘ ہی کی وجہ سے ہوں اور یہی میری سب سے بڑی شناخت ہے ۔۔