سینئر کانگریسی قائدنندی ایلیا کو کانگریس پارٹی کا خراج

   

حیدرآباد : پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے آج سابق رکن پارلیمنٹ اور سینئر لیڈر نندی ایلیا کو خراج پیش کیا گیا۔ ان کا کورونا کے سبب 8 اگست کو دیہانت ہوگیا تھا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آن لائین تعزیتی جلسہ منعقد کیا جس میں پارٹی کے سینئر قائدین نے حصہ لیتے ہوئے نندی ایلیا کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نندی ایلیا نے ایک کارپوریٹر کی حیثیت سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا، وہ لوک سبھا کیلئے 6 مرتبہ اور راجیہ سبھا کیلئے دو مرتبہ منتخب ہوئے ۔ قانون ساز کونسل میں بھی انہوں نے خدمات انجام دی ۔ نندی ایلیا کی موت پارٹی کیلئے بھاری نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17 اگست کو اندرا بھون میں تعزیتی جلسہ منعقد ہوگا۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، کسم کمار ، سمپت کمار ، ومشی چند ریڈی ، سرینواسن کرشنن ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، ایم ششی دھر ریڈی اور دیگر قائدین نے زوم پر تعزیتی جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے نندی ایلیا کو خراج ادا کیا ۔