نئی دہلی: سینئر کانگریس رہنما، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق چیئرمین، کانگریس اقلیتی شعبے کے سابق سکریٹری اور معروف کالم نگار انیس درانی کا آج صبح نوئیڈا کے ایک ہاسپٹل میں انتقال ہو گیا۔ وہ 75 سال کے تھے۔ سابق رکن پارلیمنٹ، سابق سفیر ہند اور سینئر کانگریس رہنما جناب م۔ افضل نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ نماز جنازہ بعد نماز مغرب ادا کی گئی اور تدفین دہلی گیٹ کے قبرستان میں عمل میں آئی ۔ انیس درانی کو دل کا شدید دورہ پڑنے کے بعد جمعے کی شام کو نوئیڈا کے جے پی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا لیکن حالت میں کوئی سدھار نہیں آیا۔ آج صبح وہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
واضح رہے کہ انیس درانی جناب م۔ افضل کے برادر نسبتی تھے۔ان کے انتقال پرملال پر متعدد شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اظہار تعزیت کرنے والوں میں عمران قدوائی، محمود ضیا، مرزا جاوید، ڈاکٹر فیروز دہلوی، ڈاکٹر اطہر فاروقی، ڈاکٹر شمع افروز زیدی، جلال الدین اسلم، اسد مرزا، محمد ذکیر الدین، حاجی محمد ظہور اٹیچی والے، جاوید قمر، ظفر انور، روف رامش اور سیاست و ادب کی بے شمار شخصیات شامل ہیں۔