سینئر کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمان مدن لال شرما کا انتقال

   

جموں: سینئر کانگریس لیڈر اور سابق رکن پارلیمان مدن لال شرما مختصر علالت کے بعد بدھ کی علی الصبح انتقال کر گئے ۔ وہ 68 برس کے تھے ۔انہوں نے ضلع ریاسی کے کٹرہ قصبے کے ایک نجی ہسپتال میں زندگی کی آخری سانس لی۔شرما کو کانگریس کی ٹکٹ پر پہلی بار چھمب اسمبلی انتخابی حلقے سے سال 1983 میں رکن اسمبلی منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے اسی حلقے سے سال 1987 میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔سال 1988 میں وہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی مخلوط حکومت کے دوران وزیر بھی رہے ۔اسمبلی انتخابی حلقہ اکھنور سے سال 2002 میں کامیابی کا جھنڈا گاڑھ کر شرما کو پی ڈی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت کے دوران وزیر بنایا گیا۔