سینائی میں 19 عسکریت پسند ہلاک : مصری فوج

   

الاریش ( مصر ) 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مصری فوج نے کہا کہ اس نے جزیرہ نما سینائی کے شمال میں ایک تخریب کار گروپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کم از کم 19 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ فوج نے کہا کہ جھڑپوں میں پانچ فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ کرنل تمر الرفائی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملے بیر العابد ‘ رفاہ اور شیخ زوید ٹاونس میں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افواج نے کم از کم پانچ دھماکو مادوں کو ناکارہ بنادیا اور چار گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا ۔ اس کے علاوہ ایک اسٹور ہاوز بھی تہس نہس کردیا گیا ۔ فوجی بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے فوجی اس کارروائی میں ہلاک ہوئے ہیں تاہم کچھ دوسرے عہدیداروں نے یہ تعداد پانچ بتائی ہے اور کہا کہ مہلوکین میں ایک کرنل ‘ ایک لیفٹننٹ اور تین سپاہی شامل ہیں۔ یہ تمام اس وقت ہلاک ہوئے جبکہ ان کی گاڑی ایک دھماکہ کی زد میں آگئی ۔ عہدیداروں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی ۔