ممبئی 20 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا اور بی جے پی آئندہ مہینے ہونے والے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں مشترکہ مقابلہ کرینگے اور دونوں کے مابین نشستوں کی تقسیم سے متعلق اعلان آئندہ دو دن میں کیا جائیگا ۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے سینئر پارٹی قائدین کے ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے لوک سبھا انتخابات کے درمیان ہی فارمولا طئے پاگیا تھا جب دونوں جماعتوں نے قبل از انتخابات اتحاد کیا تھا ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ در اصل میڈیا نے ہی یہ اطلاعات پھیلائی تھیں کہ شیوسینا اور بی جے پی اسمبلی انتخابات میں فی کس 135 نشستوں سے مقابلہ کرینگی ۔ اجلاس سے قبل شیوسینا کے سکریٹری انیل دیسائی نے کہا تھا کہ 22 ستمبر کو بی جے پی سربراہ امیت شاہ کے دورہ مہاراشٹرا سے پہلے یا دورہ کے موقع پر دونوں جماعتوں کے مابین اتحاد کا اعلان کردیا جائے گا ۔ یہ اطلاعات بھی تھیںکہ شیوسینا 126 اور بی جے پی 162 نشستوں سے مقابلہ کرینگے دیسائی نے تعداد بتانے سے انکار کردیا تھا ار کہا تھا کہ نشستوں کی تقسیم کے تعلق سے ادھو ٹھاکرے اور چیف منسٹر دیویندر فرنویس مل بیٹھ کر کوئی فیصلہ کرینگے ۔ کہا جا رہا تھا کہ شیوسینا نے بی جے پی کے مساوی نشستوں کا مطالبہ کیا ہے اور ایسا نہ کرنے پر اس نے دونوں جماعتوں کے مابین اتحاد ٹوٹنے کا انتباہ بھی دیا ہے ۔