سیندھی تاجر اور پولیس سازباز سے تلگو صحافی پر ایف آئی آر درج

   

بودھن صحافیوں کا آر ڈی او دفتر کے روبرو منظم انداز میں احتجاج ، کارروائی کا مطالبہ

بودھن : سی پی آئی ایم نیو ڈیموکریسی کے ڈیویژن سکریٹری بی ملیش نے یہاں بودھن کے امبیڈکر چوراہا پر عوام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈپلی منڈل کے سیندھی کے تاجر اور سب انسپکٹر پولیس ایلیا گوڑ نے مبینہ طورپر آپس میں ساز باز کرتے ہوئے ایک تلگو روزنامہ کے صحافی (رپوٹر) ناگا راجو کے خلاف ایف آئی درج کیا ۔ ملیش نے کہا سیندھی ڈپو کے مالک کی جانب سے مقامی عوام کو ہراساں کرنے کے خلاف رپوٹر ناگا راجو نے شواہد اکٹھا کرنے کی کوشش کی تھی جس پر برہم ہوکر سیندھی کے تاجر نے ناگاراجو کے خلاف مقدمہ درج کروایا ۔ ملیش نے کہا کہ بودھن ڈیویژن سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی کثیرتعداد نے رپوٹر کو انصاف دلانے دفتر آر ڈی او کے روبرو احتجاج منظم کیا تھا ۔ تقریباً ایک ہفتہ گذرنے کے باوجود مقامی انتظامیہ نے نہ ہی سیندھی کے تاجر اور نہ سب انسپکٹر پولیس ایڈپلی کے خلاف کوئی کارروائی کی ۔ ملیش نے کہا کہ سماج میں جاری مبینہ بدعنوانیوں کا پردہ چاک کرنے والے صحافیوں کی آواز دبانے سے بدعنوان تاجرینوں کے حوصلے اس قدر بلند ہوگئے ہیں تو پھر اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہ ہوگا کہ عام شہری سیٹھ ، ساہوکاروں اور پولیس کے کتنا آسان شکار بن رہے ہوں گے ۔ عوام مجبوراً ساہوکاروں اور پولیس کارویہ برداشت کررہے ہیں ۔ ملیش نے ضلع ایس پی اور کلکٹر سے فوری اس معاملے کی جانچ کرتے ہوئے صحافی کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ۔