اسلام آباد: پاکستانی سپریم کورٹ نے پیر یکم مارچ کو ایک صدارتی ریفرنس پر اپنا ’تاریخی فیصلہ‘ سناتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات خفیہ بیلٹ کے ذریعہ ہی ہوں گے۔پاکستان سپریم کورٹ کی ایک توسیعی بنچ نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے صدارتی ریفرنس پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے چار۔ایک کی اکثریت سے اپنے فیصلے میں کہا کہ سینیٹ کے انتخابات اوپن بیلٹ سے نہیں ہوسکتے بلکہ خفیہ ہی منعقد کیے جائیں گے۔ حکومت نے عدالت کے فیصلے کو’تاریخی‘ قرار دیا۔پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے عدالت کے فیصلے کے فوراً بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ تاریخی ہے۔ لیکن ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ الیکشن کمیشن انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام اقدامات کرے، اس کے علاوہ ووٹ کی رازداری حتمی نہیں ہے۔