سیول سرونٹس ‘ کرپشن کے خاتمہ کیلئے آگے آئیں : وینکیا نائیڈو

   

بہتر حکمرانی کے ذریعہ ملک کی ترقی کی رفتار میں اضافہ ممکن : نائب صدر جمہوریہ کا خطاب
حیدرآباد 7 فبروری ( آئی این این ) نائب صدر جمہوریہ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے آج سیول سرونٹس پر زور دیا کہ وہ کرپشن کے خاتمہ میںسب سے آگے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بہتر حکمرانی کے ذریعہ دیرپا اور سب کی ترقی ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے بیوروکریٹس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پیشے کو عوامی خدمت سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر وقت دیانتداری اور جذبہ کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اپنے اندر ایک ایسا جذبہ پیدا کریں جس کی مدد سے وہ نہ صرف اپنے فرائض کو صرف ایک ذمہ داری کے طور پر نہیں بلکہ مزید موثر انداز میں پورا کرسکیں۔ نائب صدر جمہوریہ آل انڈیا سروسیس ‘ سنٹرل سیول سروسیس اور ملٹری انجینئرنگ سروسیس کے عہدیداروں سے خطاب کر رہے تھے جنہں نے مری چنا ریڈی ہیومنس ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں فاونڈیشن کورسیس میں شرکت کر رہے تھے ۔ وینکیا نائیڈو نے واضح کیا کہ کرپشن ہمارے ملک کا جو نظام ہے اس کے اہم حصوں کو ہضم کرتا جا رہا ہے ۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ کرپشن کے خاتمہ کو ایک مشن کے طور پر اختیار کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ غربت کے خاتمہ ‘ جنسی امتیاز کے خاتمہ اور ناخواندگی کو ختم کرنے پر زیادہ توجہ دیں۔ اس کے علاوہ انہیں دیہی علاقوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کو بھی ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ توقعات کے مطابق ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ بہتر حکمرانی کو یقینی بنایا جائے ۔ اس کیلئے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ موثر اور کارکرد عوامی خدمات کو یقینی بنائیں تاکہ انتظامی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر شعبہ اور گوشے کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں اپنا رول ادا کرے ۔ اس کے علاوہ سبھی گوشوں کی اور دیرپا ترقی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ تبدیلی کے نقیب بنیںتاکہ ملک کی ترقی کے سفر میں تیز رفتار تبدیلی لائی جاسکے ۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی میں بڑھتے ہوئے فرق و تفاوت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بیورو کریٹس کو اس فرق کو ختم کرنے یا کم کرنے کیلئے کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔