نئی دہلی :سول سروسز کے اعلیٰ ترین سرکاری ملازمتوں کے امتحانات کی تیار ی کرانے والے ایک ادارے کے بیسمنٹ میں پانی بھرجانے سے تین نوجوان ہلاک ہو گئے۔ طلبہ اس کے خلاف سڑکوں پر اتر آئے ہیں جبکہ یہ واقعہ آج پارلیمان میں بھی زیر بحث رہا۔ یہ سانحہ ہفتہ کے روز دہلی کے راجندر نگر علاقہ میں راوز آئی اے ایس اسٹڈی سرکل کی عمارت میں اس وقت پیش آیا جب اس کے بیسمنٹ میں بارہ فٹ تک پانی بھر گیا۔ یہ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ سیول سروسز کے امتحانات کی تیاری کراتا ہے۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا وہاں متعدد طلبہ پڑھائی میں مصروف تھے۔ وہ پانی میں پھنس گئے اور تین نوجوانوں کی موت ہوگئی جن میں دو لڑکیاں ہیں۔ اس واقعہ کے خلاف عوامی سطح پر غم و غصہ اور ناراضی پیدا ہو گئی ہے۔ دہلی کے مختلف مقامات پر مظاہرے ہو رہے ہیں۔ پولیس نے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔ دہلی پولیس نے امن و قانون کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ متعدد علاقوں میں نیم فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے اس واقعہ کے بعد کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے چیف ایگزیکیوٹیو افسر اور کوچنگ کوارڈی نیٹر سمیت سات افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔