سیول سرویسز میں خاتون امیدواروں کو پہلی چار پوزیشن

,

   

Ferty9 Clinic

ایشیتا کشور کو ٹاپ رینک۔30 مسلم امیدوار بھی کامیاب ، وسیم کو 7 واں مقام

نئی دہلی: یونین پبلک سروس کمیشن نے آج سیول سرویسز امتحان کے حتمی نتائج کا اعلان کیا جس میں جملہ 933امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں، جن میں سے چوٹی کے چار مقامات خاتون امیدواروں نے حاصل کئے۔منگل کو معلنہ نتائج میں 613مرد اور 320خواتین کامیاب ہوئے ہیں۔ایشیتا کشور پہلے ، گریما لوہیا دوسرے ، اوما ہارتھی تیسرے اور سمرتی مشرا چوتھے نمبر پر آئیں۔ سرفہرست 25 امیدواروں میں سے 14 خواتین اور 11مرد ہیں۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ایشیتا کشور نے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی تعلقات کے مضمون کے ساتھ امتحان پاس کیا۔ وہ دہلی یونیورسٹی کے شری رام کالج آف کامرس میں معاشیات کی طالبہ رہی ہیں۔ دوسرے نمبر پر رہنے والی لوہیا نے دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مل کالج سے کامرس میں تعلیم حاصل کی ۔ سیول سرویسز کے امتحان میں ان کے مضامین کامرس اور اکاؤنٹنسی رہے۔ تیسرے نمبر پر اوما ہارتھی نے آئی آئی ٹی حیدرآباد سے سیول انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا ہے ۔ انہوں نے سیول سرویسز کا امتحان اینتھروپولوجی کے ساتھ اختیاری مضمون کے طور پر پاس کیا۔ سمرتی مشرا نے مرانڈا ہاؤس کالج، دہلی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور سیول سرویسز کے امتحان میں زولوجی اُن کا اختیاری مضمون رہا ۔سیول سرویسز 2022کا ابتدائی امتحان 5 جون کو ہوا تھا جس کیلئے 11 لاکھ 35 ہزار 697 امیدواروں نے درخواست دی لیکن 5 لاکھ 73 ہزار 735 نے امتحان دیا۔ ان میں سے 13090امیدواروں نے ابتدائی امتحان پاس کیا۔ان میں سے 2529 امیدواروں نے ستمبر 2022 میں منعقدہ مرکزی امتحان میں کامیابی حاصل کی جن میں سے 933 امیدواروں کو انٹرویو کے بعد کامیاب قرار دیا گیا۔ کامیاب امیدواروں میں 41 معذور بھی شامل ہیں۔933 کامیاب امیدواروں میں 30 مسلمان شامل ہیں۔ ان میں سے تین نے ٹاپ 100 کی فہرست میں مختلف رینک اور پوزیشن حاصل کئے۔ اس طرح اس سال ملک بھر سے 30 مسلم لڑکے اور لڑکیاں آئی اے ایس، آئی پی ایس ، آئی ایف ایس اور آئی آر ایس بن جائیں گے۔سیول سرویسز کیلئے منتخب 30 مسلمان یوں ہیں:وسیم احمد بھٹ،مسکان ڈگر، نوید احسن بھٹ، اسد زبر، عامر خان، روہانی، عائشہ فاطمہ، شیخ حبیب اللہ، ذوفشان حق، منان بھٹ، عاقب خان، معین احمد، محمد عدل احمد، ارشد محمد، راشدہ خاتون، ایمن رضوان، محمد رضوان، محمد عرفان، سید محمد حسین، قاضی عائشہ ابراہیم، محمد افزیل، ایس محمد یعقوب، محمد شدا، تسکین خان، محمد صدیق شریف، بی ایس عقیلہ، ایم ڈی برہان زمان، فاطمہ حارث، ارم چوہدری اور شیرین شاہانہ ۔