سیول سرویسس میں منتخب تلنگانہ کے امیدواروں کو چیف منسٹر نے مبارکباد پیش کی

   

حکومت کی اسکیم سے 7 امیدواروں نے استفادہ کیا
حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سیول سرویس امتحانات میں تلنگانہ حکومت کی راجیو گاندھی سیول ابھئے ہستم اسکیم سے مالی امداد حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے پر 7 امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ چیف منسٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیام میں کہا کہ تلنگانہ کے لیے یہ قابل فخر ہے کہ اسکیم کے 7 استفادہ کنندگان سیول سرویسس کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں سیول سرویسس امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں کو حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپئے کی امداد سے متعلق راجیو گاندھی سیول ابھئے ہستم اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ اسکیم کے پہلے سال 7 امیدوار سیول سرویسس کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ملک اور قوم کے لیے ان کی نمایاں خدمات کی امید ظاہر کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قوم اور ملک کی تعمیر میں سیول سرویس عہدیدار کے طور پر نمایاں خدمات انجام دیں گے۔ ریاستی حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے والے سیول سرویسس کے منتخب امیدواروں میں سائی شیوانی، پی ہری پرساد، آر پریتی، بی ناگا راج نائک، سوریا تیجا، جی آنجنیلو اور آر سدھاکر شامل ہیں۔1