تلنگانہ و آندھراپردیش سے 31 امیدواروں کا انتخاب، 26 اگست سے تربیت
حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) یونین پبلک سرویس کمیشن (یو پی ایس سی) کی جانب سے منعقدہ سیول سرویس امتحانات میں رینکس حاصل کرنے والے دونوں تلگو ریاستوں کے سات امیدواروں کو آئی اے ایس کیڈر جبکہ 9 امیدواروں کو آئی پی ایس اور دو امیدواروں کو آئی ایف ایس کیڈر عطا کیا گیا۔ سیولس میں آندھراپردیش اور تلنگانہ ریاستوں سے جملہ 31 امیدوار پائیجاتے ہیں۔ ملک گیر سطح پر جملہ 644 امیدواروں کو (یو پی ایس سی) کی جانب سے سرویس کیڈر کا الاٹمنٹ کیا گیا جن امیدواروں کو سرویس کیڈر الاٹمنٹ دیا گیا ان تمام امیدواروں کیلئے 26 اگست سے حیدرآباد میں واقع ڈاکٹر مری چناریڈی انسٹیٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل اور مسوری میں ابتدائی ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جبکہ یہ ٹریننگ پروگرام 6 ڈسمبر تک جاری رہے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ ماضی میں اس ابتدائی ٹریننگ پروگرام کے تحت چار مقامات پر ٹریننگ دی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ صرف دو مقامات تک ہی محدود کردیا گیا ہے۔ اسی دوران ڈائرکٹر برین ٹری ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مسٹر گوپال کرشنا نے کہا کہ سیولس کیلئے منتخب ہونے والے تمام امیدواروں کو ہمہ مقصدی ٹریننگ پروگرام کیلئے شہر حیدرآباد (بالخصوص مری چناریڈی انسٹیٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل) ہندوستان کیلئے ہی ایک اہم مرکز میں تبدیل ہوگا۔ یونین پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے جن سات امیدواروں کو آئی اے ایس کیڈر الاٹ کیا گیا ان میں مسرس کے ورون ریڈی، عبدالشاہد، سوریہ سانی، پروین چند، اشوج، ایم نوین، وشنوچرن اور ویشنوی شامل ہیں۔
