اسکریننگ ٹسٹ 18 ستمبر کو ہوگا، خانگی اداروں میں 100 امیدواروں کو کوچنگ
حیدرآباد ۔یکم ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود سے سیول سرویس امتحانات کی تیاری کیلئے کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل کی جانب سے ہر سال 100 امیدواروں کا انتخاب کرکے انہیں خانگی کوچنگ سنٹرس میں داخلہ کرایا جاتا ہے۔ سرکاری خرچ پر امیدواروں کی پسند کے کوچنگ سنٹرس میں داخلہ کا مقصد اقلیتوں میں سیول سرویسز کے نتائج کو بہتر بنانا ہے۔ ڈائرکٹر مینارٹیز اسٹڈی سرکل شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بتایا کہ جاریہ سال کوچنگ کیلئے طلبہ اور اولیائے طلبہ کی درخواست پر رجسٹریشن کی تاریخ میں ایک ہفتہ تک توسیع کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ اسکریننگ ٹسٹ کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سیول سرویس کوچنگ کے لئے آن لائین درخواستیں داخل کرنے آخری تاریخ 7 ستمبر مقرر کی گئی ۔ تلنگانہ اقلیتی ، اقامتی اسکول سوسائٹی کے ویب سائیٹ پر آن لائین درخواست کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 100 امیدواروں کے انتخاب کیلئے 11 ستمبر کے بجائے 18 ستمبر کو اسکریننگ ٹسٹ ہوگا۔ ایسے امیدوار جنہوں نے ڈگری پاس کرلیا ہو اور سیول سرویسز کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں ، وہ آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔گزشتہ سال 636 طلباء نے ٹسٹ میں حصہ لیا تھا جبکہ جاریہ سال یہ تعداد 200 تک محدود ہوچکی ہے ۔ توقع ہے کہ رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کے سبب امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ ر