سیول سپلائیز بھون خیریت آباد کے روبرو راستہ روکو احتجاج

   

مہیلا کانگریس قائدین کی گرفتاری، پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ
حیدرآباد۔8۔نومبر (سیاست نیوز) پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مہیلا کانگریس کی جانب سے آج سیول سپلائیز بھون خیریت آباد کے روبرو راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی قیادت میں قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے اچانک سیول سپلائیز بھون پہنچ کر نعرہ بازی شروع کردی ۔ انہوں نے سڑک پر بیٹھ کر ٹریفک کو روک دیا۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے مہیلا کانگریس کارکنوں نے پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے نتیجہ میں علاقہ میں ٹریفک درہم برہم ہوگئی ۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن مہیلا کانگریس قائدین نے احتجاج جاری رکھا ۔ پولیس اور مہیلا کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جس کے بعد سنیتا راؤ اور دیگر قائدین کو حراست میں لے لیا گیا ۔ مہیلا کانگریس کی صدر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس ملی بھگت کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے بعد کے سی آر حکومت نے ویاٹ میں کمی سے انکار کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متوسط طبقات پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی اضافی قیمتوں سے پریشان ہیں، حکومت کو چاہئے کہ فوری طور پر ویاٹ میں کمی کا اعلان کرے تاکہ غریب اور متوسط طبقات کو راحت حاصل ہو۔ ر