این آئی اے کے تلگو ریاستوں میں 60 مقامات پر دھاوے
حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) سیول لبرٹیز اور سماجی تنظیموں سے وابستہ افراد کے خلاف قومی تحقیقاتی ایجنسی نے دائرہ تنگ کردیا ہے۔ تلگو ریاستوں میں آج (60) مقامات پر این آئی اے کی کارروائی جاری رہی۔ ماویسٹ اور اس وابستہ تنظیموں سے تعلقات کے الزام میں اس کارروائی کی اطلاع ہے جن میں مشہور وکلاء اور دانشور افراد شامل ہیں۔ صبح 6 بجے سے این آئی اے نے کارروائی کا آغاز کیا اور کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے اور جانچ کی جارہی ہے۔ این آئی اے کی کارروائی سیول لبرٹیز کمپنی کے علاوہ شہدا کے رشتہ داروں سے جڑے افراد کی تنظیم سے وابستہ افراد کے خلاف ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ تروپتی، گنٹور، نیلور، شادنگر، سریکاکلم، ورنگل، اننت پور، راجہ مہندراورم میں این آئی اے نے دھاوے کئے۔ نیلور میں سیول لبرٹیز کمیٹی جنرل سکریٹری اے وینکٹیشورلو، تروپتی میں ایڈوکیٹ کرانتی چیتنہ، شادنگر میں رامچندر کے علاوہ شہدا کے رشتہ داروں کی تنظیم کی خاتون قائد بھوانی ایڈوکیٹ سرویش کے این بی ایس کے قائدین بالایا، وینکٹ راؤ اور سرینواس کے مکان پر دھاوا کیا گیا۔ این آئی اے کارروائی سے انسانی حقوق تنظیموں میں بے چینی پیدا ہوگئی اور سیول لبرٹیز کمیٹی نے اس کی سخت مذمت کی اور کہا کہ تنظیم سے وابستہ افراد کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے سیول لبرٹیز قائدین نارائن راؤ اور گڈم لکشمن نے چھاپوں کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور خوفزدہ کرنے کی پالیسی سے دستبرداری اختیار کرکے انسانی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ تاہم این آئی اے کی کارروائی جاری ہے۔ع