نئی دہلی۔28 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) مزدور تنظیم سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونین ( سیٹو )نے امیر لوگوں پر مزیدٹیکس لگانے کی سفارش کرنے والی انڈین ریونیو سروس (آئی آر ایس) کے افسران کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے کی تنقید کی ہے۔ سیٹو کے جنرل سیکرٹری تپن سین نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط میں کہا ہے کہ انڈین ریونیو سروس ایک منظور شدہ تنظیم اور قانونی ادارہ ہے اور حکومت بھی وقت وقت پر اس سے صلاح و مشورہ کرتی ہے۔ اس تنظیم نے کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے امیرلوگوں پر مزید ٹیکس عائد کرنے کی تجویز رکھی ہے ۔ سیٹو اور دیگر بائیں بازو کی تنظیم یہ مطالبہ بار بار کرتے رہے ہیں کہ وبا سے نمٹنے کیلئے غریب، کمزور اور محروم طبقے کی سبسڈی اور دیگر سہولیات میں کمی کرنے کے بجائے املاک ٹیکس لگایا جانا چاہئے اس سے مزید ریونیو حاصل ہوگا۔