نئی دہلی: بنجر زمین کو پھر سے زرخیز بنانے کے ہدف پر منصوبہ بند طریقے سے کام کرنے کے لئے ماحولیات کی وزارت خلائی ٹیکنولوجی کی مدد سے بنجر ہوچکی زمین کی ضلع سطح پر میپنگ کرائے گی۔ماحولیات ، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری جگمیٹ تکپا نے یواین آئی کو بتایا کہ ملک میں بنجر زمینوں کے ریاستی سطح کے اعداد و شمار دستیاب ہیں ، لیکن یہ اعداد و شمار ضلعی سطح پر دستیاب نہیں ہیں۔ یعنی ، ہم جانتے ہیں کہ کس ریاست میں کتنی ویران زمینیں ہیں ، لیکن کس ضلع میں کتنی اراضی بنجر ہے اس کے بارے میں معلومات نہیں ہے ۔ اب وزارت ماحولیات نے ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کو ضلعی سطح پر یہ اعداد و شمار جمع کرنے کے لئے خط لکھا ہے ۔ اسرو کے ساتھ مل کر منصوبے کی طرز عمل کا فیصلہ کیا جارہا ہے ۔ہندوستان نے گذشتہ سال ایک ہدف طے کیا تھا کہ 2030 تک 2.6 کروڑ ہیکٹر بنجر اراضی کو پھر زرخیز بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ کے زیراہتمام معاہدے (یو این سی سی ڈی) کے ممبر ممالک (سی او پی) کے اجلاس میں اس اراضی کو بنجر بننے سے روکنے کے لئے اعلان کیا تھا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے زمینی سطح پر منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔