سیکریٹریٹ میں کنٹرول روم کا قیام۔ وزیر مال کی صورتحال پر مسلسل نظر

   

حیدرآباد یکم ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سیکریٹریٹ میں صبح کی اولین ساعتوں سے کنٹرول روم کے قیام کے ذریعہ بارش کے سبب پیدا شدہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے راحت کاری کاموں کا وزیر مال مسٹر پی سرینواس ریڈی کی نگرانی میں آغاز کیا ۔مسٹر پی سرینواس ریڈی نے ضلع کھمم ‘ نلگنڈہ اور ورنگل میں موسلادھار بارش کے سبب نشیبی علاقو ں میں پھنسے ہوئے عوام کیلئے راحت کاری کی نگرانی کرکے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ۔ سرینواس ریڈی نے مسلسل بارش سے اضلاع کی صورتحال سے میڈیا کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 2ستمبر کو ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کیا ہے کیونکہ بیشتر اضلاع میں صورتحال انتہائی تباہ کن ہونے لگی ہے اور محکمہ موسمیات سے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشو ں کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے جو کہ تمام اضلاع میں راحت کاری کاموں میں مصروف عہدیداروں سے رابطہ کے ذریعہ انہیں ہدایا ت جاری کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے فضائیہ کے ہیلی کاپٹرس کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ انسانی جانو ں کے اتلاف کو روکا جاسکے اور راحت کاری کاموں کو تیز کیا جاسکے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ضلع کھمم ‘ نلگنڈہ اور ورنگل بارش سے بری طرح سے متاثر اضلاع میں شامل ہیں اس کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مسلسل بارش سے کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات ملی ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت سے شہری اور دیہی علاقوں میں جہاں پانی جمع ہونے کے سبب مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ان میں ترجیحی بنیادوں پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اقدامات کئے جار ہے ہیں جبکہ متاثرہ اضلاع کے علاوہ ریاست بھر کے مختلف مقامات پر جہاں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے وہاں کی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق دیگر اضلاع کو بھی الرٹ کیا جا رہاہے ۔3