سیکریٹریٹ و اسمبلی کی تعمیر کیلئے تکنیکی کمیٹی کی تشکیل

   

حیدرآباد۔8جولائی (سیاست نیوز) سیکریٹریٹ واسمبلی کی نئی عمارتوں کی تعمیر کیلئے تشکیل دی گئی کابینی کمیٹی نے تکنیکی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزراء ویمولہ پرشانت ریڈی ‘ کے ایشور اور وی سرینواس گوڑ پر مشتمل کابینی ذیلی کمیٹی نے آج اجلاس کے دوران متعلقہ شعبہ جات کے انجنیئرس پر مشتمل تکنیکی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ۔ وزرا کی کمیٹی نے جو تکنیکی کمیٹی تشکیل دی ان میں مسٹر گنپتی ریڈی محکمہ عمارات و شوراع کو کمیٹی کا رکن اور کنوینر بنایا گیا ۔جبکہ مسٹر پی رویندر ریڈی ‘ مسٹر سی مرلی دھر اور مسٹر ایم ستیہ نارائنہ ریڈی کو بطور ارکان شامل کیا گیا ہے ۔ کابینی کمیٹی نے تکنیکی کمیٹی کو ہدایات دی ہیں کہ وہ سیکریٹریٹ و اسمبلی کی عمارتوں میں موجود سہولتوں اور درکار سہولتوں کے علاوہ دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے مطالعاتی رپورٹ پیش کریں۔کابینی کمیٹی نے ان تکنیکی ماہرین کو ہدایت دی کہ وہ تمام عمارتو ںکا مکمل تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پر مشتمل رپورٹ پیش کریں۔ انہیں نئے سیکریٹریٹ اور اسمبلی کی عمارتوں میں درکار سہولتوں اور موجودہ سہولتوں کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف رہتے ہوئے ان میں اضافہ اورعصری سہولتوں کے سلسلہ میں سفارشات میں تفصیلات درج کرتے ہوئے کابینی ذیلی کمیٹی کو واقف کروائے جو کہ اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔