سیکریٹریٹ کی نئی عمارت ملک کے وقار میں اضافہ کا باعث ہو

   

چیف منسٹر چندر شیکھر راو نے تعمیراتی کاموں میں پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ عہدیداروں کو ہدایات
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے کہا کہ ریاستی سیکریٹریٹ کی نئی عمارت پوری شان و شوکت اور زیبائش کے ساتھ ملک کے وقار میں اضافہ کا باعث ہونی چاہئے۔ اْنھوں نے کہا کہ نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر اس طرح کی جانی چاہئے کہ آئندہ کئی دہوں تک یہ عمارت وقت کی کسوٹی پر کھری اْتر سکے۔ چیف منسٹر نے آج نئے سکریٹریٹ کی عمارت کے تعمیراتی کاموں میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے ریڈ سینڈ اسٹون، بیج (خاکستری)اسٹون، نیچرل بیج اسٹون، نیچرل گوالیار اسٹون کے نمونوں کی جانچ کی جو راجستھان سے بطور خاص منگوائے گئے ہیں۔ انہوں نے جنوب مغربی احاطے میں چہل قدمی کر تے ہوئے تعمیراتی کاموں و نیز ستونوں اور بیموں کے معیار کی جانچ کی۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر وزیر محکمہ عمارات و شوارع شری پرشانت ریڈی اور متعلقہ عہدیداران سمیت ورک ایجنسی کے نمائندوں کو تعمیراتی کاموں سے متعلق متعدد تجاویز پیش کیں۔بعد ازاں وزیراعلی نے پرگتی بھون میں سکریٹریٹ کی عمارت کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست اپنی تشکیل کے بعد سے ترقیاتی اور فلاحی کاموں میں تیزی سے پیشرفت کررہی ہے اور ملک کی دوسری ریاستوں کیلئے نمونہ بن چکی ہے۔ اس پس منظر میں ہمیں چاہئے کے ہم اس امر کو یقینی بنائیں کے سکریٹریٹ کی نئی عمارت ہماری عزت نفس کا مظہر ہونے کے ساتھ ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے نمونہ ہو۔ سکریٹریٹ کا ماحول ملازمین اور ملاقاتیوں کیلئے راحت فراہم کرتا ہو۔ پھولوں ‘ پودوں کے درمیان وسیع سبزہ زار اور کشادہ اندرونی سڑکیں تعمیر کریں۔ نئی دہلی میں پارلیمنٹ و راشٹرپتی بھون کے احاطے میں موجود ڈھول پور اسٹون سے مزین فواروں کی طرز پر یہاں فوارے تعمیر کرائے جائیں۔ الغرض یہ کہ سکریٹریٹ تمام تر سہولیات سے لیس خوبصورت عمارت ہونی چاہئے۔ اجلاس میں وزیر عمارات و شوارع شری وی پرشانت ریڈی، رکن پارلیمنٹ جے سنتوش کمار، چیف سکریٹری سومیش کمار، پرنسپل سکریٹری (آر اینڈ بی) سنیل شرما ، ای ان سی گنپتی ریڈی، حکومتی مشیر (واستو) سدالا سدھاکر تیجا کے علاوہ سکریٹریٹ ورک ایجنسی کے نمائندوں نے شرکت کی۔