سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کیلئے این ٹی آر گارڈن کی کچھ اراضی کا حصول ممکن

   

مجوزہ ڈیزائین میںچیف منسٹر کے قافلہ کیلئے علیحدہ راستہ کی گنجائش ۔ این ٹی آر گھاٹ متاثر نہیں ہوگا

حیدرآباد۔ ریاستی حکومت سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے پوری طرح سے سرگرم ہے ۔ انہدامی کارروائی کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے اور ملبہ کی صفائی بھی کی جا رہی ہے ۔ تاہم سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کی تعمیر سے امکان ہے کہ مشہور این ٹی آر گارڈن کی کچھ اراضی حاصل کرلی جائیگی ۔ کہا جا رہا ہے کہ این ٹی آر گارڈن جو مجوزہ نئے سیکریٹریٹ کامپلکس سے متصل ہے اس کی کچھ اراضی کو سیکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے حاصل کیا جانا ضروری ہے ۔ اب جبکہ سیکریٹریٹ کی نئی عمارت کے منصوبہ اور ڈیزائین کو حکومت کی جانب سے قطعیت دی جا رہی ہے حکومت سمجھا جاتا ہے کہ 36 ایکڑ اراضی پر پھیلے ہوئے این ٹی آر گارڈن کی کچھ اراضی حاصل کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ سیکریٹریٹ کے نئے ڈیزائین کے مطابق اس میں تمام تر خصوصیات کو شامل رکھا جائے ۔ منصوبے کے مطابق این ٹی آر گارڈن کی کچھ اراضی کو نئے سیکریٹریٹ کامپلکس کے روبرو لینڈ اسکیپ گارڈن کی تیاری اور سڑکوں کی توسیع کیلئے استعمال کیا جائیگا تاہم این ٹی آر گھاٹ پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا ۔ اعلی سرکاری ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نئے سیکریٹریٹ کے ڈیزائین کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی جان سے کئی ادوار کی مشاورت اور تبادلہ خیال کے بعد منظوری دیدی گئی ہے ۔ ان اجلاسوں میں این ٹی آر گارڈن کی کچھ اراضـی کے حصول پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ این ٹی آر گارڈن اور تلنگانہ سیکریٹریٹ کے درمیان جو سڑک ہے وہ تنگ ہے ۔ اس میںتوسیع کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ۔ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر ٹریفک کی آمد و رفت کو کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنا ہے تو سڑک کی توسیع ضروری ہے ۔ ایسا کرنے این ٹی آر گارڈن کی کچھ اراضی کا حصول ضروری ہوجائیگا ۔ نئے سیکریٹریٹ کا جو ڈیزائین تیار کیا گیا ہے اس میں چیف منسٹر کے قافلہ کیلئے علیحدہ راستہ کی گنجائش رکھی گئی ہے اور اس کیلئے اضافی زمین کی ضرورت ہوگی ۔ این ٹی آر گارڈن سابق چیف منسٹر این ٹی راما راو کی یاد میں قائم کیا گیا تھا اور گذشتہ دو دہوں سے یہ ایک اہم تفریحی مرکز بنا ہوا ہے ۔