حیدرآباد: تلنگانہ سکریٹریٹ میں 50 سے زائد ملازمین کورونا متاثر ہوچکے ہیں۔ مختلف محکمہ جات کے ملازمین کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد دیگر ملازمین میں خوف کا ماحول ہے۔ بی آر کے بھون تلنگانہ کا عارضی سکریٹریٹ ہے جہاں چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز و سکریٹریز کے دفاتر ہیں۔ محکمہ جات فینانس ، بلدی نظم و نسق اور دیگر محکمہ جات کے ملازمین جو کورونا سے متاثر پائے گئے ، انہیں ہوم آئسولیشن میں ہے ۔ گزشتہ دنوں چیف سکریٹری سومیش کمار بھی کورونا متاثر تھے اور وہ صحت یابی کے بعد کام پر رجوع ہوچکے ہیں۔ ملازمین نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے روٹیشن رول کے تحت ڈیوٹی الاٹ کی جائے تاکہ دیگر ملازمین محفوظ رہیں۔ 50 فیصد ملازمین کو دفتر سے اور باقی 50 فیصد کو گھر سے کام کی اجازت دی جائے ۔ سکریٹریٹ کے ملازمین کیلئے یہ تجویز حکومت کے زیر غور ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار جلد فیصلہ کریں گے ۔ سکریٹریٹ میں ملازمین اور وزیٹرس دونوں کیلئے ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ عارضی سکریٹریٹ میں دفاتر کیلئے جگہ کی کمی سے ملازمین کے درمیان سماجی فاصلہ کی برقراری ممکن نہیں ہوپا رہی ہے۔