سرینگر: سرینگر کے مضافاتی علاقہ راولپورہ میں منگل کی صبح اس وقت لوگ سراپا احتجاج ہوگئے جب وہاں سڑک پر تعینات سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے مبینہ طور پر دو مقامی نوجوانوں کو بغیر کسی وجہ کے زد کوب کیا۔احتجاجیوں نے جم کر نعرہ بازی کرتے ہوئے راولپورہ کے مین چوک میں جمع ہو کرسڑک کو بلاک کر دیا جس سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔احتجاجیوں نے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تحت قانون کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں خاص کر نوجوانوں کو بلا کسی وجہ کے ہراساں کرنے اور پیٹنے کے واقعات میں ملوث سیکورٹی فورسز اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے تاکہ یہ ایک معمول نہ بن جائے ۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو اپنی پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے چاہئے لیکن انہیں غیر ضروری طور پر راہ چلتے لوگوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپورہ پل کے نزدیک تعینات سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے منگل کی صبح دو نوجوانوں شاہد احد بٹ ولد عبدالاحد بٹ اور عاقب اشرف ڈار ولد محمد اشرف ڈار ساکنان راول پورہ کو بغیر کسی وجہ کے زد و کوب کیا۔اطلاعات کے مطابق عاقب کی ٹانگ اور پیر میں زخم لگے ہیں جبکہ شاہد کو گردن میں چوٹ آئی ہے ۔ دونوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
