اسپیکر اوم برلا کا اراکین پارلیمنٹ کو مکتوب
نئی دہلی :لوک سبھا کی سیکورٹی میں سیندھ لگنے کا معاملہ لگاتار سرخیوں میں ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ ہونے کے سبب کارروائی بھی مسلسل متاثر ہو رہی ہے۔ اپوزیشن وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ میں بیان دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن برسراقتدار طبقہ اس معاملے میں ایوان میں کچھ بھی نہیں کہہ رہا۔ اس درمیان لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اراکین پارلیمنٹ کو خط لکھ کر مطلع کیا ہے کہ سیکورٹی میں کوتاہی معاملہ کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔خط میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ہنگامہ کے سبب متاثر دونوں ایوانوں کی کارروائی پر فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ ایوان کو بہتر انداز میں چلانے میں تعاون کرنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ پارلیمنٹ احاطہ کی سیکورٹی کیلئے انھوں نے خود ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی پورے پارلیمنٹ کامپلکس کی حفاظت سے متعلق الگ الگ پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ انھوں نے تیقن دیا کہ کمیٹی ایک مضبوط منصوبہ تیار کرے گی جس سے مستقبل میں ایسے واقعات دہرائے نہ جا سکیں۔