ریاض ۔ 2 جون (ایجنسیز) حج موسم میں سعودی خواتین مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے عازمین کو سیکوریٹی، صحت اور رہنمائی کی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ میں سعودی خواتین مختلف انسانی و خدماتی میدانوں میں اپنی فعال اور موثر موجودگی کے ذریعہ اس عظیم کام کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔ خواتین کا عملہ سیکوریٹی، طبی نگہداشت، رہنمائی اور رضاکارانہ خدمات کے شعبوں میں اپنی ذمہ داریاں نہایت خلوص و مہارت سے انجام دے رہا ہے۔ مسجد نبوی کے اطراف، سیکوریٹی فورسز کی خواتین اہلکار ہجوم کو منظم کرنے، چیک پوائنٹس کی نگرانی کرنے اور عبادت کیلئے مختص مقامات پر داخلہ و اخراج کی روانی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ طبی شعبہ میں خواتین پر مشتمل طبی ٹیمیں جن میں ڈاکٹرز، نرسیں اور معاون عملہ شامل ہے 24 گھنٹے خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ابتدائی طبی امداد سے لے کر ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے اور شعور بیداری کے پروگراموں تک، یہ سب کچھ ان کے دائرہ کار میں شامل ہے۔ رہنمائی کے شعبہ میں شریعت اور زبانوں کی ماہر خواتین حجاج کو دینی و ثقافتی رہنمائی فراہم کر رہی ہیں جس سے ان کے سفرِ حج کو سہولت، فہم اور اطمینان ملتا ہے۔اسی طرح سعودی رضاکار خواتین بھی نمایاں طور پر سرگرم ہیں جو کھانے اور پانی کی تقسیم سے لے کر رہنمائی اور لوجسٹک معاونت تک متنوع انسانی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہ سب اْن کے جذبہ خدمت اور قومی وابستگی کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ یوں حج کے موسم میں سعودی خواتین کے یہ متنوع کردار اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ وہ قومی ترقی کی شراکت دار ہے اور عازمین کی خدمت میں پیش پیش ہو کر ایک باوقار، باصلاحیت اور باعزم تصویر کے ساتھ وطن کے اہداف کی تکمیل میں حصہ لے رہی ہیں۔