ویانا ۔ 5 جولائی (ایجنسیز) ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جنگ کے بعد سیکوریٹی خدشات کے پیشِ نظر عالمی نیوکلیر ایجنسی کے تمام انسپکٹرز تہران سے آسٹریا پہنچ گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی نیوکلیر ایجنسی کا کہنا ہے کہ سیکوریٹی خدشات پر ایران سے اپنے معائنہ کاروں کو واپس بلا لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے نیوکلیر نگراں ادارے کے اہلکار حال ہی میں ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان 12 روز سے جاری رہنے والی لڑائی کے دوران ایران کے دارالحکومت تہران میں موجود تھے۔ گزشتہ روز بین الاقوامی نیوکلیر توانائی ایجنسی نے ایکس پر پیغام میں کہا تھا کہ اس کے ملازمین تہران سے آسٹریا کے شہر ویانا میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر واپس جانے کیلئے تیار ہیں۔ دوسری جانب آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل رافیل گروسی نے ایران کے ساتھ جَلد از جَلد اس کے نیوکلیر منصوبوں کی نگرانی کا کام دوبارہ شروع کرنے کیلئے مذاکرات کی اہم اہمیت پر زور دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں کہ آئی اے ای اے کے عملہ کے کتنے افراد نے تہران چھوڑا ہے۔ یاد رہے کہ تہران کی جانب سے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ جنگ کے بعد بین الاقوامی نیوکلیر تنظیم کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے فیصلہ کیا گیا تھا۔