سیکولرازم پر اتم کمار ریڈی کے سرٹیفکٹ کی ضرورت نہیں

   

مسائل کی بنیاد پر مرکز کی تائید،راجیشور ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کہا کہ اسے سیکولرازم کے بارے میں اتم کمار ریڈی کے سرٹیفکٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری پی راجیشور ریڈی اور ارکان مقننہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹی آر ایس بنیادی طور پر سیکولر ہے اور سیکولر نظریات پر سختی سے کاربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی حکومت کو مختلف مواقع پر ٹی آر ایس نے مسائل کی بنیاد پر تائید کی ہے۔ ملک کے مفاد میں دستور کی دفعہ 370 کی برخواستگی کی تائید کی گئی۔ ٹی آر ایس نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ووٹ دیا کیونکہ یہ قانون ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں پنجاب ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں شہریت قانون کے خلاف قراردادیں منظور کرنے کے بعد تلنگانہ سے مطالبہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں ابھی تک شہریت قانون کے خلاف قرار داد منظور نہیں کی گئی لیکن کانگریس قائدین ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ میونسپلٹیز کی ترقی کے بارے میں معلومات کے بغیر بیان بازی کر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں 600 سے زائد نشستوں پر کانگریس اور بی جے پی کو امیدوار دستیاب نہیں ہوئے۔ ہر الیکشن میں عوام نے ٹی آر ایس کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور بلدی انتخابات کے نتائج بھی ٹی آر ایس کے حق میں ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بیجا الزام تراشی سے گریز کریں۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ انتخابی منشور تک عمل آوری کے لئے پانچ سال کا وقت ہوتا ہے اور ٹی آر ایس تمام وعدوں پر مرحلہ وار عمل کرے گی ۔