نئی دہلی : نائب صدر ایم وینکیانائیڈو نے سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اہم تنصیبات کی سلامتی میں فورس کا بیش قیمتی حصہ ہے ۔مسٹر نائیڈو نے آج اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ملک فورس کی شراکت کے لئے ہمیشہ سے ممنون ہے ۔انہوں نے کہا ‘‘سی آئی ایس ایف کے 52 ویں یوم تاسیس کے موقع پر فورس کے تمام ممبروں کو میری دلی مبارکباد۔ قومی اہمیت کے حامل اداروں اور ملکی تنصیبات کے تحفظ میں آپ کے نمایاں تعاون پر قوم ہمیشہ آپ کا شکر گزار رہے گی۔ اس موقع پر فورس کے سابق ممبران اور ان کے کنبہ کے اراکین کیلئے بھی انہوں نینیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی انڈسٹریز اور دیگر تنصیبات کی سیکورٹی سنبھالنے والی سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس(سی آئی ایس ایف)کے یوم تاسیس پر سی آئی ایس ایف کے تمام اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں مودی نے کہا ‘‘فورس کے یوم تاسیس پر سی آئی ایس ایف کے بہادر جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد۔ قومی سلامتی اور ترقی میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ 2019 میں ، میں نے فورس کے یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔