سی آئی اے ڈائریکٹر کے یوکرین کے خفیہ دورہ کا انکشاف

   

کیف:امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس یوکرین کے خفیہ دورے کے موقع پر صدر زیلنسکی اور خفیہ ادارے کے حکام سے ملاقاتوں کا انکشاف ہوا جہاں انہوں نے روس کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے پر زور دیا۔ امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس کا خفیہ دورہ یوکرین میڈیا میں بروقت رپورٹ نہ ہو سکا تاہم اب امریکی حکام نے تصدیق کر دی ہے کہ سی آئی اے ڈائریکٹر یوکرین جنگ کے آغاز سے لیکر روٹین میں یوکرین کا دورہ کرتے رہے ہیں جبکہ آخری دورہ جون کے اواخر میں کیا گیا تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ولیم برنس نے یوکرین میں صدر زیلنسکی اور یوکرینی انٹیلی جنس حکام سے ملاقاتیں کیں،جس میں روسی جارحیت کے خلاف دفاع کیلئے یوکرین کی مدد کے امریکی عزم کی توثیق کی گئی۔ امریکی حکام کے مطابق ولیم برنس کا یہ دورہ ویگنر گروپ کی بغاوت سے ایک روز قبل ہوا تھا اس لیے ملاقاتوں میں ویگنر گروپ کی بغاوت سے متعلق گفتگو ملاقاتوں کا موضوع نہیں تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران یوکرینی انٹیلی جنس حکام نے سی آئی اے ڈائریکٹر کو روسی قبضہ سے اپنے علاقے چھڑانے کیلئے تیار کی گئی جنگی حکمت عملی اور رواں برس کے اختتام سے قبل جنگ بندی کیلئے مذاکرات کے آغاز سے متعلق منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔