میدک۔ 20 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سی آئی ٹی یو CITU تلنگانہ ریاست کی جانب سے اعلان کردہ پانچویں ریاستی مہا سبھاکے پیش نظر منعقدہ پریس کانفرنس میں تنظیم کے ریاستی صدر چْکّہ رامولو نے کہا کہ مرکز کی موجودہ حکومت مزدوروں کے حقوق کو مسلسل پس پشت ڈال رہی ہے، لہٰذا مزدور طبقہ اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی آئی ٹی یو تلنگانہ ریاست کی پانچویں مہاسبھا پہلی مرتبہ ضلع میدک کے صدر مقام پر 7 تا 9 دسمبر منعقد کی جارہی ہیں جن میں ریاست کے 33 اضلاع سے نمائندے شرکت کریں گے۔ مہا سبھا میں آل انڈیا سی آئی ٹی یو کی صدر کے ہیم لتا، قومی جنرل سکریٹری و سابق ایم پی تپن سین، اور قومی خازن ایم سائی بابو شریک ہوں گے جبکہ 7 دسمبر کو منعقد ہونے والی مزدور ریالی اور جلسہ عام میں سی پی ایم پولیٹ بیورو رکن اور سابق ریاستی جنرل سکریٹری بی وی راگھولو بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے عوام مزدوروں اور ملازمین سے اپیل کی کہ وہ مہا سبھا کی کامیابی کیلئے تعاون فراہم کریں۔چْکّہ رامولو نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت مزدوروں کے بنیادی حقوق کو سرمایہ داروں کے مفاد میں کمزور کر رہی ہے۔مزدوروں کیلئے کم از کم اجرتیں پانچ سال میں ایک بار بڑھائی جائیں لیکن حکومت اس ذمہ داری سے پہلوتہی کر رہی ہے۔حکومت مزدور مفادات کے بجائے انتظامیہ کے مفاد کو ترجیح دے رہی ہے جو افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں سے کیے گئے وعدے پورے کیے بغیر حکومت کو یکم تا 9 دسمبر ’’پرجا پالنا سبّرلْ‘‘ منانے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں۔ مہا سبھامیں مزدوروں کے مسائل اور حکومتوں کی پالیسیوں پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔